ایم پی اے ملک شاہ محمد خان کا سنٹرل جیل کا دورہ،متعدد اعلانات کئے

بنوں نیوز(عمران علی)پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ملک شاہ محمد خان نے سنٹرل جیل بنوں کا دورہ کیا اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل بنوں غلام ربانی،اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ احمد اللہ خان ودیگر سٹاف نے ان کا استقبال کیا ایم پی اے ملک شاہ محمد خان نے سنٹرل جیل کے مختلف بیرکوں،لنگر خانے اور جیل ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود عملے اور قیدیوں کے مسائل معلوم کئے جس کے بعد ملک شاہ محمد خان نے قیدیوں کی سہولت کیلئے موقع پر ہی بیڈز،فوم،واٹر کولر اور دیگر دیگر ضروری اشیاء فوری طور پر ذاتی جیب خرچ سے فراہم کرنے کا اعلان کیا جبکہ قانونی مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومت سے رابطہ کرکے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ سنٹرل جیل بنوں کا نظام اور ڈسپلن پہلے سے کافی بہتر ہے اور یہاں پر قیدیوں کو بہترین غذا فراہم کی جاتی ہے علاج معالجے کی سہولیات بھی بہتر ہے اور قیدیوں نے خود جیل انتظامات کی تعریف کی ہے انہوں نے کہا کہ جیل قیدی بھی خصوصی ہمدردی کے مستحق ہیں کیونکہ ان میں اکثر بے گناہ بھی ہوتے ہیں اور ویسے بھی ہمیں گناہگار سے نہیں گناہ سے نفرت کرنی چاہیئے انہوں نے کہا کہ سنٹرل جیل کیلئے گیس ،پانی اور دیگر سہولیات فراہمی کے سلسلے میں ہم صوبائی حکومت سے رابطہ کریں گے اور جیل کے مسائل وزیر اعلیٰ کے نوٹس میں لائیں گے جو چھوٹے چھوٹے مسائل ہم حل کرسکتے ہیں وہ ذاتی جیب خرچ سے اور فنڈز سے حل کریں گے انہوں نے سنٹرل جیل میں کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد پر جیل انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جیل انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ آئندہ بھی جیل کے اندر قیدیوں کیلئے صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد کریں تاکہ قیدیوں کو بھی صحت مندانہ اور پاکیزی تفریحی مواقع جیل کے اندر ہی میسر آئیں۔