تبلیغی جماعت کے لوگوں کے بارے میں افواہوں پر دھیان نہ دیں یہ ہمارے وہ لوگ ہیں،وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان

بنوں (عمران علی)وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے بنوں یونیورسٹی میں قائم قرنطینہ سنٹر کا دورہ کیا اس دوران وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد وزیر،ممبر صوبائی اسمبلی ملک پختون یار خان کمشنر بنوں و دیگر لائن افسران نے وزیرِ اعلیٰ کا استقبال کیا چیف سیکرٹری کاظم نیاز اور دیگر اعلی حکام بھی وزیر اعلی کے ہمراہ تھے کمشنر عادل صدیق نے وزیرِ اعلیٰ کو قرنطینہ سنٹر اور بنوں ڈویژن میں مہیا کی جانی والی سہولیات بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پورے ڈویژن میں انیس جبکہ ضلع بنوں میں سات کرونٹائن سنٹرز ہیں ،ضلع بنوں میں سترہ سو سے زائد افراد کو قرنطینہ میں رکھا جاسکتا ہے، پورے ڈویژن میں تین آئسولیشن سنٹرز ہیں ، باہر ممالک سے آئے ہوئے گیارہ سو افراد کو ٹریس کیا گیا ہے،بنوں ڈویژن میں چونتیس کیس مشتبیہ تھے جس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جہاں جہاں کرونا مریض ہیں آس پاس کے علاقوں کو کورنٹائن کیا گیاہے انفیکشن سپرے بھی باقاعدگی سے جاری ہے منافع خوری اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف اب تک چار سو انسپکشن کی جاچکی ہے تاکہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں دشواری نہ ہو بعد میں صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے وزیرِ اعلی ٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کو ترقی کے منازل طے کر نے کیلئے وسائل کے بہتر استعمال اور لوگوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہوتی ہے اور ہم بحثیتِ قوم کسی بھی مشکل حالات سے نکلنے کے عادی ہیں اور کرونا وائرس کی وباء سے نکلنے کیلئے تما م لوگوں کا متحد ہونا ایک اچھی شگون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وباء سے نجات مربوط کوششوں اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے ممکن ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وباء کے دوران لوگ اپنے گھروں سے نہ نکلے اور لوگوں سے میل جول تر ک کر کے اس کے پھیلاؤ کو روکیں ۔ اس دوران مشکلات کے ازالے کیلئے حکومت نے امدادی پیکج تیا ر کیا ہے اور شفافیت کے ساتھ لوگوں کو اس کی ترسیل ممکن بنائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے لوگوں کے بارے میں افواہوں پر دھیان نہ دیں یہ ہمارے وہ لوگ ہیں جو ملک کی بقا اور استحکام کیلئے ہمہ وقت دعاگو رہتے ہیں تاہم تمام ضروری سکریننگ،ٹیسٹنگ اور ان کی صحت یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے صحافیوں کا کردار بہت اچھا ہے اور ہمارے صحافی بھائی اپنے لوگوں کو احتیاطی تدابیرسے متعلق آگاہ کر تے رہیں تاکہ اجتماعی کوششوں سے کورونا وائرس کو شکست دیا جا سکے ۔ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے مزید کہا کہ ریاست کو اس مشکل صورتِ حال سے نکالنے کیلئے تمام ادارے اپنا اپنا کر دار فعا لیت سے ادا کر رہے ہیں اور انشا ء اللہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم اس مشکل صورتِ حال سے جرات اور بہادری کے ساتھ نبردآزما ہوسکیں گے ۔